اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنگ بندی میں توسیع کے امریکی اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اعلان سے کشیدگی میں کمی کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے، جو کہ امن کے قیام کے لیے مثبت قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ایران اور امریکا کے درمیان سفارت کاری اور اعتماد سازی کے لیے ایک اہم موقع ہے، اور تمام فریقین کو اسے آگے بڑھانا چاہیے۔ انتونیو گوتریس نے یہ بھی ہدایت دی کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو جنگ بندی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، اور تمام فریقین کو پائیدار اور دیرپا حل کے لیے تعمیری مذاکرات جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں تنازع کے حل کے لیے سازگار حالات پیدا کریں گی۔