اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اپیل: اسرائیل اور ایران شدید تصادم سے گریز کریں

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اپیل: اسرائیل اور ایران شدید تصادم سے گریز کریں

ویب ڈیسک: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور ایران سے شدید تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں فوجی کشیدگی کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ خاص طور پر ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیل کے حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، کیونکہ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا جب ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی مذاکرات جاری ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ:"سیکریٹری جنرل دونوں فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہر قیمت پر شدید تصادم سے گریز کریں۔ مشرق وسطیٰ کا خطہ مزید کسی تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔"انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشیدگی کو روکنے اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔