آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستان میں مہمان نوازی کو شاندار قرار دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے اپنے تجربے کو انتہائی مثبت بتایا ہے۔
ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے اسٹیو اسمتھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے وقت سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں، تاہم میچز میں تماشائیوں کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شائقین ٹی وی پر میچز دیکھ کر لطف اٹھا رہے ہوں گے۔انہوں نے پاکستان سپر لیگ کو ایک مضبوط اور باصلاحیت لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم میں اعلیٰ معیار کے کھلاڑی موجود ہیں اور مقابلہ انتہائی سخت ہے۔
اوپننگ پوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ یہ کردار ان کے کھیل کے انداز کے مطابق ہے کیونکہ پاور پلے میں زیادہ موقع ملتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ایک دلچسپ تجربہ ہے اور وہ خود بھی ان سے سیکھ رہے ہیں۔