راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگری خصوصی عدالت میں اڈیالہ جیل ناکے پر ہنگامہ آرائی کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے 40 ملزمان کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستوں پر وکلاء صفائی نے بحث مکمل کر لی ، صدر بیرونی پولیس نے دوہفتے قبل اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خانم ودیگر سیاسی رہنماو ں کی آمد کے موقع پر دھکم پیل کے بعد دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملہ اور پتھرائوکرتے ہوئے توڑ پھوڑ کرنے، 9 پولیس اہلکار زخمی ہونے پر 41 کارکن گرفتار کرکے دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر ان کے وکلاء نے دلائل دیئے۔ خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مزید سماعت 23 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ اسی عدالت میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ملزمان کی اے ٹی سی میں حاضری کی کارروائی کے بعد سماعت پانچ مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ دوران سماعت شیخ رشید و دیگر نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ادھر سول جج میاں اظہر ندیم نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیر کارروائی 15 مئی تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت بتایاگیا کہ کیس کے جیل ٹرائل کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط کا جواب نہیں آیا۔