ملزم ثاقب چدھڑ تفتیش میں قصوروار پایا ،اہلیہ کاموبائل فرانزک کیلئے بھجوا دیا:تفتیشی
ایڈیشنل سیشن جج نے لیگی ایم پی اے اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع دیدی
لاہور(خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اوردھمکیاں دینے کے کیس میں مسلم لیگ (ن)کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اورانکی اہلیہ سمیراکی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی، عدالت نے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کیلئے طلب کرلیا۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ ملزم ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی ہے وہ تفتیش میں قصوروار پایا گیا ہے ، ملزم کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے میں جمع کروایا، جسے فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے، مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے استدعا کی کہ ملزموں کی آزادی خطرے کا باعث ہیاسلئے انکی ضمانت خارج کی جائے۔