ایک دن کے نوٹس پر کہہ دیا دکانیں خالی کرو،آئندہ توہین عدالت لگے گی:عدالت
قبرستان کی جگہ واگزار کروانی ہے:اسسٹنٹ کمشنر،سماعت ڈیڑھ ماہ تک ملتوی
پاکپتن، لاہور(خصوصی رپورٹ)مثالی قبرستان سے ملحقہ عمارات کو نوٹسز جاری کرنے کا معاملہ، اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن رب دینو میتلو لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ جسٹس عابد حسین چٹھہ نیدرخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل احمد شیر جٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر رب دینو میتلو سے استفسار کیا کہ یہ کیا معاملہ ہے، ابھی تک مسئلہ حل کیوں نہیں ہوا؟۔اسسٹنٹ کمشنر رب دینو میتلو نے اپنے موقف میں کہا کہ یہ لوگ قبرستان کی جگہ پر قابض ہیں جو کہ واگزار کروانی ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہآپ نے اراضی واگزار کرانے کیلئے کیا پروسیجر اپنایا؟، بغیر تاریخ کے آپ نے ایک دِن کے نوٹس پر کہہ دیا کہ دکانیں خالی کرو، ایک دن کے نوٹس پر آپ مشینری لے کر پہنچ گئے،یہ کیا طریقہ ہے،کیا آپ نے کوئی درخواست سن کر فیصلہ کیا؟۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ آج تک کسی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا،عدالت نے استفسار کیا کہ آپ پروموٹ ہو کر آئے ہیں یا پی اے ایس آفیسر ہیں؟اے سی پاکپتن نے کہاکہ میں پی اے ایس آفیسر ہوں اور یہ میری پہلی پوسٹنگ ہے۔عدالت نے کہاکہ آئندہ پروسیجر کے بغیر کارروائی کی تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے گا، پروسیجر مکمل نہ ہونے تک کوئی آپریشن نہیں ہوگا، اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن کو مکمل پروسیجر رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی مزید سماعت ڈیڑھ ماہ تک ملتوی کردی۔