لاہور(زیڈ این این) پنجاب پولیس دو سال گزرنے کے باوجود مبینہ طور پر لاپتہ شہری کو بازیاب نہ کراسکی، لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی عدم بازیابی اور آئی جی پنجاب کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ خان کو 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس فاروق حیدر نے درخواست گزار محمد عثمان کی درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو مبینہ لاپتہ شہری کی بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ تحریری حکم کے مطابق عدالت نے شہری کی عدم بازیابی اور پولیس حکام کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا اور پولیس افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر مبینہ لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔