ہاتھ پائوں بندھے، کندھے پرزخم کے نشان، فیاض مسیح 9فروری کولاہور سے گاڑی لایا
گرفتار شان امام اوراس کے سسر کی نشاندہی پرلاش ملی، لاہور میں پوسٹمارٹم کی درخواست
ٹنڈوآدم (خصوصی رپورٹ)لاہور رینٹ اے کار کے ڈرائیور کے قتل کے معاملے پرلاہور اور ٹنڈوآدم پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بنگلے سے مدفون لاش نکال کر تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کردی۔ ورثاء نے پوسٹ مارٹم کے لئے لاش لاہور لے جانے کی درخواست عدالت میں داخل کردی۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم سٹی تھانے کی حدود ماڈل ٹائون کے ایک بنگلے سے لاہور کے رینٹ اے کار کے ڈرائیور فیاض مسیح کی مدفون لاش کو لاہور اور ٹنڈوآدم پولیس کی مشترکہ کارروائی کے بعد نکال کر تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول کے ہاتھ اور پائوں بندھے ہوئے تھے اور کندھے پر چوٹ اور تشدد کے نشانات تھے، ورثاء نے لاش لاہور لے جاکر پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ون وقاص احمد قریشی کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ اس موقع پر عدالت میں موجود فیاض مسیح کے کزن سنی رفیق مسیح نے کہاکہ 9فروری کو میرا کزن لاہور سے گاڑی لے کر ٹنڈوآدم آیا اور لاپتہ ہو گیا تھا، مسلسل کوشش کے باوجود بھی رابطہ نہ ہوسکا، جس کی لاہور نشتر تھانے پر گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی جس کی تفتیش کے دوران پولیس نے کچھ گرفتاریاں بھی کی ہیں اور ان کی نشاندہی پر ٹنڈوآدم کے ایک گھر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ واقعہ کی ایف آئی آر لاہور کے نشتر تھانے پر درج ہے۔ لاہور کے رہائشی شان امام سمیت ٹنڈوآدم کے رہائشی شان امام کے سسر عابد رسول ہاشمی گرفتار ہیں، لاش ملزم شان امام کی نشاندہی پر ٹنڈوآدم کے ماڈل ٹائون میں قائم بنگلے سے برآمد ہو ئی ہے۔