پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کی ہزاروں خالی اسامیاں ختم کر دیں

 بی پی ایس 1 سے 16 تک کی آسامیاں شامل ، سرکاری اخراجات میں کمی ہوگی 
لاہور (زیڈ این این) پنجاب حکومت نے سرکاری خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے محکمہ تعلیم کی ہزاروں خالی آسامیاں ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت مجموعی طور پر 30 ہزار 391 خالی پوسٹوں کو ختم کیا گیا ہے، جن میں بی پی ایس 1 سے 16 تک کی مختلف آسامیاں شامل ہیں۔حکام کے مطابق یہ تمام آسامیاں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور اس کے ذیلی اداروں میں طویل عرصے سے خالی پڑی تھیں، جنہیں ختم کرنے سے سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ عملے کو زیادہ مؤثر اور بہتر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔محکمہ خزانہ کی جانب سے اس فیصلے کے حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور ٹریژری آفیسر لاہور کو بھی باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے تاکہ فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد وسائل کا مؤثر استعمال، غیر ضروری
 اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے زیادہ وسائل مختص کیے جا سکیں۔