اسامیاں خالی ہونے سے مسائل بڑھے،کوشش ہیخالی اسامیاں جلد از جلد پر کر لی جائیں :سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں
لاہور ( کرائم رپورٹر )بلدیہ عظمیٰ میں درجنوں اسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے شہری مسائل میں اضافہ ہو گیا،پلاننگ ونگ کی کارکردگی متاثر ،رہائشی و کمرشل نقشہ منظوری اور دیگر امور التوا کا شکار ہو نے لگے۔لوکل گورنمنٹ نے اسامیاں پر کرنے کی سفارشات پبلک سروس کمیشن کو بھجوا دیں۔تفصیل کے مطابق لاہور کے پلاننگ ونگ کی فعال نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی، شہر کی کمرشل 30اہم شاہراہوں،لاکھوں رہائشی گھروں اور درجنوں سکیموں و انڈسٹریل ایریا کی نقشہ منظوری کے لئے افسر ،انسپکٹر ،پٹواری،سروئیر،کمپیوٹر آپریٹر اور دیگر عملہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلڈنگ انسپکٹرز کی 37میں سے26اسامیاں خالی ہیں ،صرف9زونل افسروں ،11انسپکٹروں ،3 پٹواریوں اور 3کمپیوٹر آپریٹرز پر شہر کے بلڈنگ کنٹرولڈ کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا۔ایم سی ایل نے سیکرٹری بلدیات کو اسامیاں پر کرنے کی چٹھی لکھ دی جس پر محکمہ لوکل گورنمنٹ نے پبلک سروس کمیشن کو اسامیاں پر کرنے کی سفارشات کر دیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن پلانگ ونگ ہیڈکوارٹرز کے 6 بلڈنگ انسپکٹروں کی اسامیاں عرصہ دراز سے خالی ہیں ، کمرشل و رہائشی نقشوں کی رجسٹریوں کی پڑتال کرنے کے لئے صرف 3 پٹواری ہیں۔9 زون میں کمپیوٹر آپریٹرز کی9میں سے 6اسامیاں خالی ہیں ۔شہر کے سب بڑے زون داتا گنج بخش کی پلاننگ ونگ کی 6 اسامیاں خالی ہونے سے کمرشل و رہائشی تعمیرات کے نقشے التوا کا شکار ہیں ،سمن آباد زون کے زونل آفیسر پلاننگ کا چارج اسسٹنٹ زونل آفیسر کے سپرد کیا گیا ، یہاں بلڈنگ انسپکٹر کی 2 اسامیاں خالی ہیں۔اسی طرح ،اقبال زون میں ایک اسسٹنٹ زونل آفیسر اور2بلڈنگ انسپکٹر ،نشتر زون 2بلڈنگ انسپکٹر ،واہگہ زون 1بلڈنگ انسپکٹر ،عزیز بھٹی زون 3بلڈنگ انسپکٹر ،شالامار زون 2بلڈنگ انسپکٹر ،راوی زون 2بلڈنگ انسپکٹر ،گلبرگ زون میں 4بلڈنگ انسپکٹر کی اسامیاں خالی ہیں۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کا کہنا تھا اسامیاں خالی ہونے سے مسائل بڑھے ،کوشش ہے کہ خالی اسامیاں جلد از جلد پر کر لی جائیں،پبلک سروس کمیشن کو اسامیاں پرکرنے کیلئے خط لکھ دیا گیا ۔