رواں ہفتے فلکیاتی شائقین کے لیے ایک دلکش منظر آسمان پر جلوہ گر ہونے جا رہا ہے، جب 25 اپریل کی صبح سیارہ زہرہ، زحل اور چاند ایک خاص ترتیب میں نظر آئیں گے جو انسانی چہرے پر مسکراہٹ جیسی شکل بنائیں گے۔
ناسا کے مطابق یہ فلکی مظہر طلوع فجر سے قبل، مقامی وقت کے مطابق صبح 5:30 بجے کے قریب مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا۔ اس منظر میں سیارہ زہرہ سب سے اوپر ہوگا، اس کے نیچے زحل اور ایک پتلا ہلال نما چاند ہوگا، جو مل کر ایک ’سمائلی فیس‘ یعنی مسکراتے چہرے کی شکل اختیار کریں گے۔یہ منظر قدرت کے ایک حسین امتزاج کی مانند ہوگا جو صاف آسمان کی صورت میں دنیا کے مختلف حصوں سے دیکھا جا سکے گا۔ ناسا کے مطابق یہ ٹرپل کنکشن (triple conjunction) ایک نایاب فلکی مظہر ہے جو تین آسمانی اجسام کے بظاہر ایک دوسرے کے قریب آنے سے رونما ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ منظر کا وقت مختصر ہوگا کیونکہ تقریباً ایک گھنٹے بعد سورج طلوع ہو جائے گا، لیکن اس مختصر وقت میں یہ منظر خاص طور پر دلکش اور یادگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سیارہ عطارد بھی ان تینوں فلکی اجسام کے نیچے افق کے قریب دکھائی دے سکتا ہے، تاہم اس کی پوزیشن کے باعث اسے دیکھنا نسبتاً مشکل ہوسکتا ہے۔فلکیات کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک نایاب موقع ہے کہ وہ قدرت کے اس خوبصورت اور دلچسپ مظہر کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں — اور ممکن ہو تو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ بھی کریں۔