آسمانی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ سٹرابیری مون 30 جون کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق مکمل چاند 29 اور 30 جون کی درمیانی شب اپنے عروج پر ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹرابیری مون کا بہترین نظارہ غروبِ آفتاب کے فوراً بعد مشرقی افق پر کیا جا سکے گا، جہاں یہ نسبتاً بڑا، واضح اور دلکش دکھائی دے گا۔رپورٹس کے مطابق رواں سال سٹرابیری مون زمین سے اپنے سب سے زیادہ فاصلے پر ہوگا، جس کی وجہ سے یہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 12 سے 14 فیصد چھوٹا اور نسبتاً مدھم نظر آئے گا۔ماہرین کے مطابق سٹرابیری مون موسمِ گرما کے آغاز کے بعد ظاہر ہونے والا پہلا مکمل چاند تصور کیا جاتا ہے، تاہم اس کا نام چاند کے رنگ کی وجہ سے نہیں رکھا گیا۔
تاریخی طور پر شمالی امریکا میں جون کے مہینے میں سٹرابیری کی فصل کی کٹائی شروع ہوتی تھی، اسی مناسبت سے اس مکمل چاند کو "سٹرابیری مون" کا نام دیا گیا۔ اگرچہ چاند کا رنگ عام طور پر سرخ یا گلابی نہیں ہوتا، البتہ افق کے قریب ہونے کی وجہ سے بعض اوقات یہ سنہری یا ہلکا نارنجی دکھائی دے سکتا ہے۔ماہرین نے بتایا کہ اس منفرد فلکی منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے کسی خصوصی دوربین کی ضرورت نہیں، بلکہ صاف موسم میں اسے کھلی آنکھ سے بھی آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔