جے یو آئی س وفد کی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات، پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر تعزیت

جے یو آئی س وفد کی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات، پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر تعزیت

لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے جمعیت علمائے اسلام (س) کے وفد نے ملاقات کی۔

 وفد کی قیادت جے یو آئی س کے مرکزی رہنما مولانا عبدالحق ثانی نے کی۔ملاقات کے دوران مولانا عبدالحق ثانی نے جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور ممتاز اسکالر پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا قیمتی اثاثہ تھے۔ ان کی علمی، فکری اور نظریاتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔مولانا عبدالحق کا کہنا تھا کہ پروفیسر خورشید احمد کی جدوجہد اسلامی نظام کے قیام، تعلیم و معیشت کے اسلامی ماڈل کے فروغ اور نوجوان نسل کی فکری تربیت کے لیے تھی، جو رہتی دنیا تک مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی زندگی ہمارے لیے عملی نمونہ ہے، ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری پوری کرنی ہے۔ملاقات میں باہمی دینی، سیاسی اور فکری تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔