قابض اسرائیلی آبادکاروں کا ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا

قابض اسرائیلی آبادکاروں کا ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا

مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی آبادکاروں نے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔

 فلسطینی خبررساں ادارے "وفا" کے مطابق درجنوں صیہونی آبادکار، اسرائیلی پولیس کی مکمل سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے اور اشتعال انگیز انداز میں گشت کرتے رہے۔عینی شاہدین کے مطابق آبادکار منظم گروپوں کی صورت میں مسجد کے احاطے میں داخل ہوئے، جنہوں نے اشتعال انگیز حرکات کے ذریعے فلسطینی نمازیوں کو اکسانے کی کوشش کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسز کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی دروازوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں، جس کے باعث فلسطینی شہریوں کو عبادت کے لیے مسجد میں داخلے سے روک دیا گیا۔

قابض پولیس نے نہ صرف داخلی راستوں پر فلسطینیوں کی چیکنگ اور تلاشی کا عمل سخت کر دیا بلکہ بڑی تعداد میں نمازیوں کو مسجد کے احاطے میں داخل ہونے سے بھی روک دیا۔فلسطینی عوام اور قیادت نے ان جارحانہ اقدامات کو مذہبی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والے ان حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔