کراچی کنگز نے آخری اوور میں بازی جیت لی

 پشاور زلمی کے 148 رنز کے ہدف کو کنگز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،وارنر نے نصف سنچری بنائی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے سنسنی خیز میچ، کراچی کنگز نے آخری اوور میں پشاور زلمی کو شکست دے دی، کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ڈیوڈ وارنر نصف سنچری کیساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 11ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ گزشتہ میچ کی طرح اس میچ کی پہلی اننگز میں بھی پچ سلو اور غیر یقینی باؤنس کے باعث بولرز فرینڈرلی رہی، اور پشاور زلمی کا کوئی کھلاڑی کھل کر بیٹنگ نہ کرسکا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پشاور زلمی کی اننگز کے دوران صرف دو ہی چھکے لگ سکے۔بابر اعظم کے علاوہ محمد حارث نے 28، الزاری جوزف نے 24، حسین طلعت نے 18 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ اور کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے 3، 3 جبکہ عامر جمال اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ لی۔ پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور ملتان سلطانز کے خلاف جیتنے والی پلینگ الیون کو میدان میں اتارا ہے جب کہ کراچی کنگز نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہارنے والے اسکواڈ کے ساتھ ہی جانے کا فیصلہ کیا۔