فہیم اشرف نے ہارا ہوا میچ جتوا دیا‘پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہالینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیدی‘بابر اعظم ایک بار پھر قوم کی امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام
ہالینڈ نے 148رنز کا ٹارگٹ دیا‘شاہین شاہ آفریدی صرف ایک وکٹ لے سکے‘فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے
کولمبو(آئی این پی )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت د ی‘نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آئو ٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آئو ٹ ہوئے۔نیدر لینڈ کے دوسرے آٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آئوٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آئوٹ کیا۔ وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ آخری اوور میں سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آئو ٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ نیدر لینڈ کی ٹیم 160 کے 170 کے درمیان اسکور کر لے گی لیکن پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آئو ٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 ، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیدر لینڈ کی جانب سے دئیے گئے148رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آئو ٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آئو ٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آئوٹ کیا ۔محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔