کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کے مجوزہ کینال منصوبے پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ سندھ کے ہاتھ سے نکل گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے عوام کے مفاد کے خلاف کوئی منصوبہ کسی صورت منظور نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، کیونکہ یہ سندھ کے پانی کے حقوق اور زراعت کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبہ چاہے کسی نے بھی بنایا ہو، سندھ حکومت نے اسے کبھی منظور نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کے علاوہ کینالز پر کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہوا، اور اگر اس معاملے پر مزید پیش رفت کی گئی تو سندھ حکومت احتجاج پر مجبور ہوگی۔انہوں نے زور دیا کہ "ہم کسی کی نیت پر شک نہیں کر رہے لیکن کسی کے ہاتھوں میں کھیلنے کو بھی تیار نہیں، کیونکہ یہ اجتماعی مفاد کا معاملہ ہے"۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد قومی ترقی نہیں بلکہ کسی مخصوص علاقے کو فائدہ پہنچانا لگتا ہے۔وزیراعلیٰ نے وکلا برادری کی کینال منصوبے کے خلاف جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ "وکلا نے ماضی میں جمہوریت کے لیے کردار ادا کیا، اب بھی وہ سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں"۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔مراد علی شاہ نے اپوزیشن جماعتوں اور قوم پرست تنظیموں کو احتجاج میں خوش آمدید کہا لیکن اپیل کی کہ عوام کو تکلیف نہ پہنچائی جائے، سڑکیں بند نہ کی جائیں۔
انہوں نے کہا، "میں ضمانت دیتا ہوں کہ یہ کینالز نہیں بنیں گی"۔وزیراعلیٰ نے وفاق سے سوال کیا کہ "اب تک یہ منصوبہ ختم کیوں نہیں کیا گیا؟" انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے 19 اپریل کو این ایف سی میں سندھ کے نمائندے کی نامزدگی کے لیے خط لکھا ہے اور اس پر سندھ حکومت کام کر رہی ہے۔ "14 ماہ بعد وفاقی حکومت کو یاد آیا کہ این ایف سی نمائندے چاہئیں، یہ قابل غور بات ہے۔"انہوں نے زرعی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ "پنجاب کے کسان بھی گندم نہ اگانے کا سوچ رہے ہیں، چین میں فی ایکڑ پیداوار 60 سے 65 من ہے، ہمیں بھی جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔"مراد علی شاہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ہم کپاس کی پیداوار تو بڑھا نہیں سکے اور اب ریگستان کو آباد کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔" انہوں نے مشورہ دیا کہ "بھارت کے اندرا کینال کے نتائج چیٹ جی پی ٹی سے چیک کر لیں، سب واضح ہو جائے گا۔"وزیراعلیٰ نے پر امید لہجے میں کہا کہ "وزیراعظم سندھ کے تحفظات کا احترام کریں گے" اور یاد دلایا کہ "انگریز دور میں بھی زیریں علاقوں کے مفاد میں بالائی علاقوں کے منصوبے مسترد کیے گئے تھے۔"
انہوں نے بات کا اختتام ان الفاظ سے کیا:"ان شا اللہ ہم یہ منصوبہ واپس بھی لیں گے، اور مجھے پوری امید ہے کہ وزیراعظم انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔"