پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا مذاکرات کا فیصلہ صرف ایک سیاسی کھیل ہے:لیاقت بلوچ

پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا مذاکرات کا فیصلہ صرف ایک سیاسی کھیل ہے:لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کے نائب امیر، لیاقت بلوچ، نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے فیصلے کو "نورا کشتی" قرار دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات محض سیاسی مفادات کو پورا کرنے کی کوشش ہیں، اور اس کا ملک کے مسائل سے کوئی تعلق نہیں۔اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ کسانوں کا اصل تحفظ فصل کی مناسب قیمت کے حصول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی، گیس اور ٹیکسوں کا بوجھ زراعت، صنعت اور تجارت کو تباہ کر رہا ہے، جس سے ملک کی معیشت مزید بحران کا شکار ہو رہی ہے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ اگر معیشت بحال ہو چکی ہے تو پھر قرضوں کے ری شیڈولنگ کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ سوالات حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہیں اور ان کا جواب عوام کو ملنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو کسانوں کے مفادات کو ترجیح دینی چاہیے اور معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔