کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 کا چیمپئن بننے کے بعد اینٹیگا کی ٹیم کے کپتان معین علی نے اختتامی تقریب میں اپنی تقریر کے دوران ’فری فلسطین‘ کا نعرہ لگا دیا۔
فائنل کے بعد گفتگو کرتے ہوئے معین علی نے کامیابی کا کریڈٹ صرف اپنی ذات کو دینے کے بجائے اسے پوری فرنچائز، کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم کے دیگر ارکان کی مشترکہ محنت قرار دیا۔معین علی کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ تک پہنچنے کا سفر آسان نہیں تھا اور ٹیم کو مختلف مراحل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور مشکل لمحات کو متحد ہوکر عبور کیا۔کپتان نے فائنل میں ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں نے مستقل مزاجی کے ساتھ بہترین کھیل پیش کیا اور فائنل میں بھی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھائی۔انہوں نے میچ کے دوران اوس کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نمی نے کھیل کی صورتحال پر اثر ڈالا، تاہم آخرکار کامیابی حاصل کرنا ٹیم کے لیے ایک خاص اور یادگار احساس تھا۔
معین علی نے ٹیم کی بھرپور حمایت کرنے والے اینٹیگا کے شائقین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شائقین نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کا ساتھ دیا اور یہ کامیابی ان تمام لوگوں کے نام ہے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اختتامی تقریب میں معین علی نے اپنے پیغام کے آخر میں ’فری فلسطین ہمیشہ‘ کا نعرہ لگایا، جس کے بعد ان کی یہ بات سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث آگئی۔سی پی ایل 2026 کا فائنل اینٹیگا کی ٹیم نے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ معین علی کی قیادت میں ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔