بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی قیادت میں 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد ان کی قیادت منتقل کرنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی میں شکست اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کے باوجود انگلینڈ کے دورے کیلئے کپتانی سپرد کی گئی ہے۔ حالیہ میچوں میں روہت شرما کو شدید تنقید کا سامنا رہا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے سڈنی ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کی، جب کہ جسپریت بمراہ نے اس میچ میں کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔ تاہم بمراہ بھی انجری کا شکار ہو کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور سلیکشن پینل نے روہت شرما کو 20 جون سے شروع ہونے والی انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کیلئے کپتان کے طور پر حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی سی سی آئی کو یقین ہے کہ وہ ٹیم کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔دوسری جانب روہت شرما نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کی تردید کی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال اپنے کھیل اور ٹیم کے ساتھ بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں، اور اپنے مستقبل کے لیے اپنے آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔