ٹنڈوالہ یار میں شادی کی تقریب کا کھانا مضر صحت ثابت، 400 افراد کی حالت غیر

ٹنڈوالہ یار میں شادی کی تقریب کا کھانا مضر صحت ثابت، 400 افراد کی حالت غیر

ٹنڈوالہ یار: شادی کی ایک تقریب میں کھانا کھانے کے بعد دلہا دلہن سمیت تقریب میں شریک تقریباً 400 افراد کی حالت غیر ہوگئی، جس کے باعث علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔

ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں شریک افراد نے کھانا کھایا۔ کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد متعدد افراد کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی اور کئی افراد بے ہوش ہوگئے۔متاثرہ افراد میں مردوں اور خواتین کے علاوہ بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ بڑی تعداد میں مریضوں کے ہسپتال پہنچنے کے باعث مقامی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور طبی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر خدمات انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی طبی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جبکہ متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق زیادہ تر مریضوں کو ابتدائی علاج کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، جبکہ ضرورت کے مطابق بعض افراد کو مزید طبی نگرانی میں رکھا گیا۔

حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کھانے میں کس نوعیت کی خرابی تھی اور بڑی تعداد میں افراد کی طبیعت خراب ہونے کی اصل وجہ کیا بنی۔متعلقہ حکام کی جانب سے شادی کی تقریب میں پیش کیے گئے کھانے کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں، جنہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔لیبارٹری رپورٹس اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی حتمی وجہ اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں مزید معلومات سامنے آسکیں گی۔