لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر اور سینئر رہنما حافظ محمد ادریس انتقال کرگئے۔
وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔مرحوم حافظ محمد ادریس کی نماز جنازہ آج رات 8 بجے بعد نماز عشاء منصورہ میں ادا کی جائے گی، جہاں جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنان اور دیگر افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔حافظ محمد ادریس جماعت اسلامی کے سینئر اور دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی دعوت و اقامت دین کی جدوجہد اور جماعتی و تنظیمی سرگرمیوں کے لیے وقف کیے رکھی۔وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کے منصب پر فائز رہے اور جماعت کے تحریکی، تنظیمی اور دعوتی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔جماعت اسلامی کے حلقوں کے مطابق حافظ محمد ادریس کی دینی و تحریکی خدمات طویل عرصے پر محیط تھیں۔
جماعتی ذمہ داریوں کے ساتھ وہ دعوت، تربیت اور تنظیمی سرگرمیوں میں بھی مصروف رہے۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان میں سوگ کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ رہنماؤں اور کارکنان نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔جماعت اسلامی کی قیادت کی جانب سے حافظ محمد ادریس کے لیے ایصال ثواب، مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی گئی ہے، جبکہ اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔