معاذ صداقت کی تاریخی سنچری، سی پی ایل فائنل میں نیا ریکارڈ قائم

معاذ صداقت کی تاریخی سنچری، سی پی ایل فائنل میں نیا ریکارڈ قائم

پاکستانی بیٹر معاذ صداقت نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 کے فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرکے تاریخ رقم کردی۔

 جمیکا کنگز مین کی نمائندگی کرنے والے معاذ نے اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔معاذ صداقت کی اننگز میں 8 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جمیکا کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 170 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔معاذ نے اپنی اس اننگز کے ساتھ فرنچائز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ وہ سی پی ایل کی تاریخ میں فائنل کے دوران سنچری اسکور کرنے والے بھی پہلے بیٹر بن گئے۔فائنل میں 114 رنز کی اننگز نے معاذ صداقت کو سی پی ایل فائنل کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی دلا دیا۔ انہوں نے اس ریکارڈ کے حصول میں لینڈل سمنز اور برینڈن کنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔تاہم معاذ صداقت کی ریکارڈ ساز سنچری کے باوجود جمیکا کنگز مین فائنل اپنے نام نہ کرسکی۔ اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے 171 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 16.4 اوورز میں حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

سی پی ایل 2026 میں معاذ صداقت کی مجموعی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں سات میچز کے دوران 363 رنز اسکور کیے، جبکہ ان کی بیٹنگ اوسط 60.50 اور اسٹرائیک ریٹ 174.52 رہا۔معاذ کی رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پی ایس ایل اور سی پی ایل میں ان کے مجموعی رنز 653 تک پہنچ چکے ہیں۔ اس دوران ان کے نام دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔سی پی ایل فائنل میں 114 رنز کی اننگز کے بعد معاذ صداقت نے نہ صرف پاکستانی کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کی بلکہ فرنچائز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور مستقل مزاجی کا نمایاں مظاہرہ کیا۔