پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی پر سابق قومی کپتان محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے جڑی ایک یادگار کہانی شیئر کردی۔
محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں وہ وقت آج بھی یاد ہے جب معاذ صداقت اپنے بھائی ہارون کے ہمراہ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے۔ اس وقت معاذ کی آنکھوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب تھا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔رضوان نے نوجوان بیٹر کی محنت، عزم اور کامیابی کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنے خوابوں پر یقین رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے محنت، صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔
سابق کپتان نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے پر قومی ٹیم اور کپتان صاحبزادہ فرحان کو بھی مبارک باد دی۔
معاذ صداقت کی سری لنکا کے خلاف دھواں دار بیٹنگ
معاذ صداقت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور پاکستان کی چار وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔نوجوان بیٹر نے دوسرے میچ میں بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے مقابلے میں انہوں نے محض 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔معاذ صداقت اپنی پہلی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی سنچری کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم وہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور صرف 4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ان کی اس اننگز میں 7 چھکوں نے پاکستان کی جانب سے انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے ریکارڈ کی برابری بھی کی۔معاذ صداقت کی مسلسل عمدہ کارکردگی نے انہیں نمایاں کردیا ہے، جبکہ محمد رضوان کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ مسلسل محنت اور اپنے مقصد پر توجہ رکھنے سے خواب حقیقت کا روپ دھار سکتے ہیں۔