جنرل ہسپتال :مریضوں ،لواحقین کیلئے 10لفٹس مکمل فعال

لفٹس کی مرمت اور بحالی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا گیا :ایم ایس ڈاکٹر فریاد
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور جنرل ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کا دیرینہ اور بڑا مسئلہ حل ہو گیا ہے، جس کے تحت ہسپتال کی تمام 10 لفٹس کو مکمل طور پر فعال اور آپریشنل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آ ئوٹ ڈور بلڈنگ میں 6 لفٹس کے آپریشنل ہونے سے روزانہ آنے والے ہزاروں مریضوں کو درپیش دشواری کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ اسی طرح ایمرجنسی وارڈ میں تشویشناک حالت کے مریضوں کی فوری منتقلی کے لیے 2 لفٹس کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ فیز تھری میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز کے لیے بھی ایک لفٹ فعال کر دی گئی۔ اس کے علاوہ فیز ون میں بھی مریضوں اور لواحقین کی آمد و رفت کے لیے لفٹ کی سہولت بحال اور برقرار ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تمام لفٹس کی بحالی کے بعد اب مریضوں اور بزرگوں کو گرا ئونڈ فلور پر لمبا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی خصوصی ہدایات پر ان تمام لفٹس کی مرمت اور بحالی کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا گیا ہے۔