دینہ‘ بچوں کا قاتل باپ پولیس مقابلے میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

سفاک باپ ذیشان نے گھریلو ناچاقی اور بیوی سے ناراضگی کا انتقام لیتے اپنے ہی جگر گوشوں کو نہر میں پھینک کر ابدی نیند سلا دیا تھا
ساتھیوں کی طرف سے چھڑوانے کی کوشش کی گئی،ذیشان کی نو سال قبل شادی ہوئی تھی، اس کے تین بچے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا تھے
دینہ (آئی این پی)دینہ میں تھانہ منگلا کی حدود میں بیوی سے ناراضگی کا بدلہ لینے کی خاطر اپنے ہی تین معصوم بچوں کو نہر میں پھینک کر قتل کرنے والا سفاک ملزم پولیس حراست میں دورانِ تفتیش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم ذیشان کی نو سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کے تین بچے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا تھے۔ چند روز قبل سفاک باپ ذیشان نے گھریلو ناچاقی اور بیوی سے ناراضگی کا انتقام لیتے ہوئے اپنے ہی جگر گوشوں کو نہر میں پھینک کر ابدی نیند سلا دیا تھا۔ پولیس نے لرزہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم ذیشان کو اس کے نامعلوم ساتھیوں کی طرف سے پولیس تحویل سے چھڑوانے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران ملزم کے ساتھیوں اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا،شدید فائرنگ کے اس تبادلے میں ملزم ذیشان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی شروع کردی ہے۔