وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سیمی کنڈکٹر صنعت کے فروغ کے لیے اہم اعلان کیا ہے، جس کے تحت ملک میں نیشنل سیمی کنڈکٹر پروگرام کا باضابطہ اجرا کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر کے حوالے سے بیانیے کی جنگ جاری ہے اور پاکستان کو اس میدان میں وسائل سے نوازا گیا ہے۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور قوم کو اس اہم شعبہ کے بارے میں آگاہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے 4.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو اس صنعت کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیمی کنڈکٹر پروگرام وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے اور اس کا آغاز ایک تاریخی اقدام ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیمی کنڈکٹر ٹاسک فورس نوید شیروانی نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر مستقبل میں ڈیٹا کی حفاظت میں کلیدی حیثیت رکھے گا، اور انڈسٹری پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سائبر سیکیورٹی اور سیمی کنڈکٹر کے بغیر ترقی کا عمل ممکن نہیں اور خوشی ہے کہ ہم نے اس شعبہ میں پہلا قدم اٹھا لیا ہے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وفاقی وزراء جام کمال خان، خالد مگسی اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ملک میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل صنعت کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان اس صنعت میں خودکفیل اور مقابلہ کرنے کے قابل بن سکے۔