سچائی اور حقائق پر مبنی بیانیے کی جنگ میں پاکستان کی برتری کا بھارت میں بھی اعتراف

سچائی اور حقائق پر مبنی بیانیے کی جنگ میں پاکستان کی برتری کا بھارت میں بھی اعتراف

پاکستان کے سچائی اور حقائق پر مبنی بیانیے کی جنگ میں برتری کا بھارت میں بھی اعتراف سامنے آنے لگا ہے۔

بھارتی سابق ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اروند گپتا نے کہا ہے کہ پاکستان کا بیانیہ اس لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوا کیونکہ اس پر طویل عرصے سے منظم انداز میں کام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف اداروں اور پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی سفارتی اور اسٹریٹجک پوزیشن کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جس کے نتیجے میں اس کا موقف عالمی سطح پر زیادہ مضبوط نظر آتا ہے۔اروند گپتا کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایس آئی اور آئی ایس پی آر سمیت مختلف ادارے طویل عرصے سے اس بیانیے کی تشکیل اور ترویج میں سرگرم رہے ہیں، جبکہ بھارتی بیانیہ اس سطح پر تسلسل برقرار نہیں رکھ سکا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقائی اور عالمی معاملات، خصوصاً خلیجی تناؤ کے تناظر میں مختلف ممالک نے اپنی پالیسیوں میں پاکستان کے مؤقف کو زیادہ قابلِ اعتماد سمجھا۔ماہرین کے مطابق کسی بھی سابق اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار کی جانب سے اس نوعیت کا تبصرہ خطے کی بیانیہ سیاست میں اہم پیش رفت سمجھا جاتا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سفارتی میدان میں پاکستان کی حکمت عملی زیادہ مربوط رہی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان نے عالمی سطح پر اپنے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے، جس سے اس کے سفارتی بیانیے کو مزید تقویت ملی ہے۔