ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 6 ملزم پکڑے گئے

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ و پی آر یو کی جانب سے جاری ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے 8 خطرناک ڈکیت گینگز کو گرفتار کر کے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دورانِ پٹرولنگ 27 اشتہاریوں سمیت 90 عادی مجرمان اور 22 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیاکارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 4 پستول، درجنوں گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 53 بوتلیں شراب، 508 گرام آئس، 150 گرام چرس اور ہیروئین بھی قبضہ میں لی گئی۔ترجمان ڈولفن کے مطابق 58 مشکوک گاڑیاں و موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کی گئیں جبکہ 37 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ون ویلنگ، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث 35 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔کمیونٹی پالیسنگ کے تحت مختلف معاملات میں 55 سے زائد شہریوں کو بروقت ریسکیو کیا گیاایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت پرعزم ہیں۔