مہنگائی کا حملہ،ٹماٹر 700روپے کلو چینی 20 روپے کلو مہنگی
ٹماٹر کی قیمت میں بڑا اضافہ ، ہول سیل میں 350 سے لے کر 450 روپے کلو تک فروخت ہوا،سبزیوں کی قیمت میں اضافہ ،چند ہفتوں تک برقرار رہنے کا امکان ،لاہور میں چینی کی قیمت 200روپے فی کلو ہو گئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا،ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے،پرچون میں ٹماٹر کی قیمت 500 سے 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔کراچی سبزی منڈی اور اسلام آباد سبزی منڈی میں کام کرنے والے تاجروں کے مطابق گزشتہ رات کراچی میں ہول سیل میں ٹماٹر کی قیمت 550 روپے فی کلو تھی، دوسری جانب اسلام آباد سبزی منڈی میں گزشتہ رات ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 500 روپے فی کلو تھی۔سبزیوں اور پھلوں کے تاجروں کے مطابق ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی سپلائی میں رکاوٹ، ملک میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ٹماٹر کی فصل کو پہنچنے والے نقصانات کے علاوہ بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل کا کم کاشت ہونا بھی شامل ہے۔مقامی تاجروں کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ اگلے چند ہفتوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔پاکستان کے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام تک ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور ملک کے مختلف حصوں میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 350 روپے سے لے کر 450 روپے فی کلو تک رہی تاہم تاجروں کے مطابق پرچون قیمت 500 روپے سے 700روپے فی کلو تک چلی گئی تھی۔کراچی ہول سیل فریش فروٹس مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد اعوان نیبتایا کہ کراچی میں افغانستان سے ٹماٹر کی سپلائی کافی تعداد میں ہو رہی تھی، افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد سے چمن بارڈر سے ان کی سپلائی رکی ہوئی ہے ، ایران سے بھی ٹماٹر کی سپلائی معطل ہے، جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔اسلام آباد سبزی منڈی کے تاجر رضوان فاروق نے بتایا سندھ کی ٹماٹر فصل بھی بارشوں سے متاثر ہوئی، اس سال بلوچستان کے کسانوں نے زیادہ لاگت کے باعث ٹماٹر کی فصل کم کاشت کی ، پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی قیمت میں اضافہ ہوا اور یہ اضافہ اگلے چند ہفتوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 15سے 20روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں چینی کی قیمت 200روپے فی کلو ہو گئی ہے جو گزشتہ ماہ 179روپے تھی، راولپنڈی میں چینی کی موجودہ قیمت 190روپے فی کلو ہے، جو گزشتہ ماہ 185روپے تھی، اسلام آباد میں چینی 185سے 190روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ 180 روپے تھی، پشاور میں فی کلو چینی کی قیمت 195 روپے تک پہنچ گئی، جو پہلے 190 روپے تھی۔کراچی میں چینی 195سے 200روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ 190روپے میں دستیاب تھی، کوئٹہ میں بھی چینی کی قیمت 195سے 200روپے فی کلو تک جا پہنچی، جو پہلے 190روپے تھی، فیصل آباد میں چینی 190سے 200روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ 185روپے میں دستیاب تھی، ملتان میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو ہو گئی، جو گزشتہ ماہ 185 روپے تھی۔