سموگ:موٹر سائیکل سوار کیلئے ماسک لازمی قرار

بھارتی آلودہ ہوائیں ،پاکستان میں سموگ، کئی شہر متاثر، ایئرکوالٹی انڈیکس 332، لاہورپھر آلودہ ترین شہر
پانی کا چھڑکائو، سموگ گنز ،آلودگی کی وجہ دیوالی پر بھارت میں آتشبازی،گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت
لاہور( کرائم رپورٹر)بھارت کی جانب سیداخل ہونیوالی آلودہ ہوائوں سے پاکستان میں سموگ بڑھ گئی، کئی شہرفضائی آلودگی سے متاثر ہونے پر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیدیا۔ دہلی کی طرف سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہر وں میں پہلے نمبرپر آگیا ، جہاں کا ایئرکوالٹی انڈیکس پیر کی صبح 332 پر پہنچ گیا۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ انڈین شہروں دہلی، چندی گڑھ، گورداسپور، لدھیانہ اور پٹیالہ سے آلودہ ہوائیں لاہور کا رخ کررہی ہیں ،جبکہ گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر کو بھی بھارت سے آنے والی فضائی آلودگی متاثر کررہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا موٹر سائیکل پر سفرکرنے والوں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیدیا گیا، تعمیراتی مقامات، سامان لانے والی گاڑیوں کو ڈھانپنے کی ہدایات دی گئی ہیں، گاڑیوں کے شیشیاوپر رکھیں، گھروں کے دروازے، کھڑکیاں بھی بند رکھیں۔سینئر وزیر نے کہا لاہور سمیت دیگر شہروں میں پانی کے چھڑکائو اور اینٹی سموگ گنز کا استعمال جاری ہے، سموگ سے بچائو اور کمی کیلئے ہر شہری کا کردار بڑی تبدیلی اور کامیابی کی وجہ بنتا ہے۔سموگ کے بڑھتے خطرات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے غیر قانونی موٹر سائیکل رکشوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ان رکشوں کے خلاف موقع پر کارروائی ہوگی اور غیر قانونی باڈیز فوراً اتار دی جائیں گی۔ تین مقامات پرٹھوکر نیاز بیگ جناح ٹرمینل، بادامی باغ جنرل بس سٹینڈ،فیروزپور روڈپر خصوصی کارروائی مراکز قائم کییگئے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں سموگ سیزن کے دوران روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔ادھر حکام کے مطابق بھارتی شہروں چندی گڑھ، گورداسپور، لدھیانہ، پٹیالہ سے ہوائیں گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور کی طرف آ رہی ہیں، سورت گڑھ، بیکانیر، جودھ پور اور جے پور جیسے بھارتی شہروں سے بھی ہوائوں کا رخ پاکستانی علاقوں کی طرف ہے۔دیوالی تہوار کے سبب بھارت سے آنے والی آلودہ ہوائوں سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کا فضائی معیار متاثر رہے گا، دیوالی کے موقع پر بھارت میں آتشبازی سے بھارت کے کئی شہروں میں شدید فضائی آلودگی پیدا ہورہی ہے۔پنجاب حکومت کی ہدایت پر واسا کا لاہور کے مختلف علاقوں میں فیلڈ آپریشن، پانی چھڑکائو کیلئے 8 گاڑیاں مخصوص کر دیں، 25 مقامات پر لاری ہائیڈرینٹس بھی مکمل فعال کر دئیے،جہاں سے سموگ گنز اور واسا مشینری کیلئے پانی کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ہر ٹائون کی سطح پر چھڑکائو کے عمل کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔اس آپریشن میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے ترقیاتی علاقوں کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔لال پل، دھرم پورہ، علامہ اقبال روڈ، گڑھی شاہو، حاجی پارک اسلام پورہ،مین سرکلر روڈ، لوئر مال، بھاٹی چوک، ڈی سی آفس، جی ٹی روڈ،یو ای ٹی، باغبانپورہ، شاہ فرید چوک، سکیم موڑ، مدینہ پارک اور رائل ریذیڈنس روڈ پر بھی روزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکائو جاری ہے۔کاہنہ فلائی اوور سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر بھی چھڑکائو کے عمل کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔اقبال ٹائون، ملتان روڈ، راوی روڈ، نشتر کالونی، اپر مال سکیم، شاہدرہ فلائی اوور، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر اینٹی سموگ گنز متحرک ہیں تاکہ فضا میں موجود مضر ذرات کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو بہتر ہوا فراہم کی جا سکے۔انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس صبح 332 پر پہنچ گیا ،فیصل آباد میں ایئرکوالٹی انڈیکس 325 ہے، اس کے علاوہ شیخوپورہ 311، ڈی جی خان 239، گوجرانوالہ 233 اور ملتان کا اے کیو آئی 224 ہے۔