بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دی ہے جس کے دوران چائے والے کے گھر سے ایک کروڑ سے زائد نقدی، سونا، چاندی، اور لگژری گاڑی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی سائبر فراڈ میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کی گئی ہے۔ جب پولیس نے کارروائی کی، تو اس نے ایک چائے فروش کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے 1 کروڑ 5 لاکھ روپے نقدی، 344 گرام سونا، ڈیڑھ کلو چاندی، 85 اے ٹی ایم کارڈز، 75 چیک بکس، 2 لیپ ٹاپ، 3 موبائل فونز، اور ایک لگژری گاڑی برآمد ہوئی ہے۔پولیس نے اس دوران دو بھائیوں، ابھشیک کمار اور ادتیہ کمار کو گرفتار کیا ہے۔ ابھیشیک کبھی ایک چائے کا ٹھیلا لگایا کرتا تھا، لیکن بعد میں وہ ایک بین الاقوامی سائبر فراڈ ریکٹ سے جڑ گیا۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ابھیشیک دبئی منتقل ہو گیا تھا اور وہاں سے اس فراڈ نیٹ ورک کو چلا رہا تھا، جبکہ اس کا بھائی ادتیہ بھارت میں مالی لین دین کی نگرانی کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق، یہ سائبر فراڈ نیٹ ورک ملک کی مختلف ریاستوں میں پھیلا ہوا ہے اور اس کی شاخیں سرگرم ہیں۔مزید تحقیقات کے لیے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی ٹیرر اسکواڈ (اے ٹی ایس) بھی شامل کر لیے گئے ہیں تاکہ رقم کی منتقلی، بیرون ملک روابط، اور دیگر متعلقہ امور کا سراغ لگایا جا سکے۔