بنگلہ دیش میں جین زی انقلاب کے بعد آج پہلے عام انتخابات ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسی دوران ضلع گوپال گنج کے صدر علاقے میں ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب دیسی ساختہ بم سے دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے ریشما انٹرنیشنل سکول پولنگ سینٹر کے نزدیک پیش آیا۔ پولنگ اسٹیشن پر تعینات سب انسپکٹر زاہد الاسلام نے بتایا کہ ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری تھی کہ اچانک قریبی نہر کے پار سے نامعلوم افراد نے بم پھینکا۔دھماکے میں سکونتھا مجمدار اور جمال حسین نامی دو انصار اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ آرام باغ علاقے کے ایک ووٹر کی 14 سالہ بیٹی آمنہ بھی متاثر ہوئی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی کلینک منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور مرکز کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تاکہ ووٹنگ کا عمل متاثر نہ ہو۔ حکام کے مطابق واقعے کے باوجود پولنگ جاری رہی۔