پنجاب میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے

پنجاب میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے

پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔

 پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق اب تک 21,900 سے زائد افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔ اس میں 7,656 مرد، 4,745 خواتین اور 9,508 بچے شامل ہیں۔ اس وقت 423 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق، ملک بدر ہونے والوں میں 6,007 ایسے غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے۔ دیگر میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 10,861 اور غیر قانونی طور پر مقیم 5,041 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق، لاہور میں 5 اور صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے انخلا کا عمل منظم انداز میں جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں سکیورٹی الرٹ ہے اور غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا قانون کے مطابق اور انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس وفاقی پالیسی کے تحت انخلا کے عمل پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے۔