وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں قوم اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی محنت سے دہشت گردی کے ناعاقبت حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔محسن نقوی نے اس موقع پر یہ بھی وضاحت کی کہ قانونی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، تاہم جو غیر ملکی شہری قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے دیرینہ تعلقات کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے کیے جائیں گے۔ملاقات میں دونوں طرف کے وفود نے مختلف اہم امور پر بات کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔