جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا پر اتفاق، امریکا نگرانی کرے گا

جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا پر اتفاق، امریکا نگرانی کرے گا

امریکی اور لبنانی حکام نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے مخصوص علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مرحلہ وار انخلا کا عمل آئندہ چند روز میں شروع ہونے کا امکان ہے، جس کی نگرانی امریکا کرے گا۔

 اس پیش رفت کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان نئے مذاکرات بھی آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں قائم کیے گئے ابتدائی یا پائلٹ زونز سے اسرائیلی فوج کا انخلا مرحلہ وار ہوگا، جبکہ اس پورے عمل کی نگرانی امریکی سینٹرل کمانڈ کرے گی، جو اسرائیل اور لبنان دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا ان علاقوں میں لبنانی حکومت کی عملداری بحال کرنے کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں سے بھی تعاون کرے گا، تاکہ ریاستی ادارے مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور سکیورٹی کی صورتحال کو مستحکم بنایا جا سکے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنان نے پہلے واضح کیا تھا کہ اسرائیلی فوج کے انخلا کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں ہوں گے، تاہم اب انخلا کے عمل کے آغاز کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بات چیت دوبارہ شروع ہونے کی راہ ہموار ہوتی نظر آ رہی ہے۔

یاد رہے کہ 26 جون کو طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے تحت اسرائیل نے جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے مرحلہ وار فوج واپس بلانے پر اتفاق کیا تھا، جہاں حزب اللہ کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران اس نے اپنی موجودگی قائم کی تھی۔معاہدے کے مطابق اسرائیلی افواج کے انخلا کے بعد لبنانی فوج دو مخصوص پائلٹ زونز کا مکمل انتظام سنبھالے گی۔ اس اقدام کا مقصد جنوبی لبنان میں حکومتی عملداری کو مضبوط بنانا، سرحدی کشیدگی میں کمی لانا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔تاحال اسرائیلی حکومت اور لبنانی حکام نے انخلا کے مکمل شیڈول، مذاکرات کے ایجنڈے یا آئندہ مراحل سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔