اسلام آباد: فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کے مبینہ فراڈ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
عدالت نے خاتون اور مرد ملزمان کی ضمانت خارج کردی ہے، جس کے بعد ملزم پٹواری ذاکر حسین کو عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔عدالت میں سماعت کے دوران سینٹرل ایف آئی اے کے جج ہمایوں دلاور نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ ملزم ذاکر حسین ایف جی ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی میں بطور پٹواری تعینات تھا۔
مبینہ فراڈ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملزم ذاکر حسین نے جی-14/3 کی سپلیمنٹری ایوارڈ میں جعلی شریک مالکان کا اندراج کیا، اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کو پلاٹس جاری کیے، جس کے نتیجے میں اصل مالکان کے حقوق متاثر ہوئے۔ خاتون ملزمہ عظمہ بتول عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی، تاہم ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کیس ہائی پروفائل ہے اور اس میں مبینہ جعلسازی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔