طلاق کے کاغذات پر دستخط سے قبل شوہر کی آخری درخواست، بیوی دوڑ کر گلے لگ گئی

طلاق کے کاغذات پر دستخط سے قبل شوہر کی آخری درخواست، بیوی دوڑ کر گلے لگ گئی

طلاق کے کاغذات پر دستخط کرنے سے چند لمحے قبل شوہر کی جذباتی درخواست پر بیوی کا اچانک فیصلہ بدلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر صارفین حیرت اور خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون اپنے شوہر سے علیحدگی کے لیے طلاق کے کاغذات پر دستخط کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ ان کے سامنے میز پر دستاویزات رکھی ہیں اور وہ ہاتھ میں قلم لیے دستخط کرنے کے قریب ہوتی ہیں کہ اسی دوران ان کے شوہر انہیں آخری بار رشتہ بچانے کی درخواست کرتے ہیں۔ویڈیو کے ساتھ شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق شوہر نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ وہ طلاق کے فیصلے پر دوبارہ غور کریں اور ان کے ازدواجی رشتے کو ایک اور موقع دیں۔ شوہر کی اس درخواست نے وہاں موجود ماحول کو جذباتی بنا دیا۔شوہر کی بات سننے کے بعد خاتون چند لمحوں کے لیے رک گئیں۔ اس دوران انہوں نے اپنے ہاتھ میں موجود قلم نیچے رکھ دیا اور اچانک اپنی نشست سے اٹھ کر شوہر کی جانب دوڑ پڑیں۔

 خاتون نے شوہر کو گلے لگا لیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان جذباتی ملاپ کا منظر دیکھنے کو ملا۔رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو مبینہ طور پر بنگلہ دیش کی ہے اور اسے 18 نومبر 2026 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا گیا تھا۔ تاہم ویڈیو میں دکھائی دینے والے جوڑے کی شناخت، علیحدگی کی وجوہات اور واقعے کے اصل مقام کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

 سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ بعض صارفین نے خاتون کے فیصلے میں تبدیلی کو محبت، خلوص اور رشتوں کو ایک اور موقع دینے کی مثال قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے اسے ازدواجی زندگی میں باہمی سمجھ بوجھ اور برداشت کی اہمیت سے جوڑا۔دوسری جانب بعض صارفین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ازدواجی رشتے کے پس منظر میں کئی پیچیدگیاں اور مسائل ہوتے ہیں، اس لیے صرف چند لمحوں کی ویڈیو دیکھ کر کسی جوڑے کے تعلقات کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔