ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر دھمکی، معاہدے پر دستخط کا یہ آخری موقع

ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر دھمکی، معاہدے پر دستخط کا یہ آخری موقع

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے اب اس کے پاس "آخری موقع" باقی ہے، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز آئندہ روز مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھول دی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی موجودہ سفارتی عمل کا پہلا مرحلہ ہے، جس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ ان کے بقول یہ معاملہ زیادہ پیچیدہ نہیں اور جلد کسی واضح نتیجے تک پہنچ جائے گا۔امریکی صدر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ واشنگٹن کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی امریکا کی بنیادی پالیسی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر کسی قسم کی فیس یا ٹول ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فریق اس بین الاقوامی بحری راستے پر محصولات یا دیگر چارجز نافذ کرنے کی کوشش کرے گا تو امریکا بھی اس کا بھرپور جواب دے گا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، جبکہ ایران کے لیے معاہدے پر دستخط کرنے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اب فیصلہ تہران کو کرنا ہے کہ وہ سفارتی راستہ اختیار کرتا ہے یا نہیں۔دوسری جانب ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔