پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال صوابی کے 113 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا افتتاح کردیا۔
نئے بلاک کی تعمیر سے ضلع کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ مریضوں کو طبی سہولیات کے حصول کے لیے دیگر اضلاع اور صوبوں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔افتتاحی تقریب میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 10 سال بعد ڈی ایچ کیو اسپتال صوابی کا نیا بلاک تعمیر کیا گیا ہے، جو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا کے شہریوں کو اپنے ہی صوبے میں معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔گورنر نے کہا کہ نئے اسپتالوں کی تعمیر کے ساتھ موجودہ طبی مراکز میں جدید سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپتالوں کی بہتری، طبی آلات کی فراہمی اور علاج معالجے کے نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں طویل عرصے سے نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ فعال کرکے مکمل کیا جائے گا، جبکہ سابقہ حکومتوں کے دور میں شروع کیے گئے عوامی مفاد کے منصوبوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں مسجد کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے کو عبادت کے لیے مناسب سہولت میسر آسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اور خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانا حکومت کے عزم کا حصہ ہے۔انہوں نے نوجوانوں کے مستقبل اور کھیلوں کے فروغ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لیے نئے منصوبوں کا آغاز اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوابی میں بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبے کی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے ڈی ایچ کیو اسپتال صوابی کے نئے بلاک کو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 113 بستروں پر مشتمل اس نئے بلاک کی تکمیل سے شہریوں کو اپنے ضلع میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور اسپتال کی علاج معالجے کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کا کہنا تھا کہ صوابی میں صحت کی مزید سہولیات فراہم کرنے اور پورے صوبے میں شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنایا جائے اور عوام کو صحت کی سہولیات کے حصول میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جائے۔