راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں مرمت کے دوران کولنگ یونٹ کا کمپریسر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق کمپریسر پھٹنے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ دور دور تک سنائی دی گئی، جس سے اسپتال میں موجود مریضوں اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد اسپتال میں کچھ دیر کے لیے افراتفری کی صورتحال بھی پیدا ہو گئی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق کولنگ سسٹم کی مرمت کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت حماد، اویس اور ایک اور شخص کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے بعد ہولی فیملی اسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کمپریسر پھٹنے کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا مرمت کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔