ممبئی: بھارتی کرکٹر سرفراز خان اپنے بچپن کی مالی مشکلات اور والد کی انتھک محنت و قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور انٹرویو کے دوران آبدیدہ ہوگئے۔
سابق بھارتی اوپنر آکاش چوپڑا کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز خان نے اپنے بچپن کے مشکل حالات بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا خاندان ایک چھوٹی سی جھونپڑی میں رہتا تھا اور گھر کے اخراجات پورے کرنا بھی آسان نہیں تھا۔سرفراز نے بچپن کا ایک ایسا واقعہ بھی یاد کیا جس نے ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑا۔ ان کے مطابق ایک روز ان کے والد نے بتایا کہ وہ اس دن صرف ایک اضافی روپیہ کمانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ والد کی یہ بات سرفراز کے ذہن میں بیٹھ گئی اور انہوں نے اسی وقت فیصلہ کیا کہ وہ کرکٹ کے ذریعے اپنے خاندان کی مالی حالت بہتر بنائیں گے۔بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ ممبئی میں انڈر 16 کرکٹ کھیلنے پر تقریباً 9 ہزار بھارتی روپے ملنے کی اطلاع نے بھی انہیں کرکٹ کو بطور پیشہ اپنانے کی ترغیب دی۔ ان کے لیے کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ خاندان کی مشکلات کم کرنے اور والد کی محنت کا صلہ دینے کا ذریعہ بن گئی۔
سرفراز خان کی مسلسل محنت بالآخر رنگ لائی اور انہوں نے فروری 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ ان کا طویل انتظار کے بعد بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانا ان کے کرکٹ سفر کا اہم سنگ میل ثابت ہوا۔انٹرویو کے دوران سرفراز نے انکشاف کیا کہ وہ آج بھی اپنی تمام آمدنی والد کے حوالے کرتے ہیں اور اپنی ضروریات کے لیے ان سے صرف ماہانہ خرچ لیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ والد نے نہ صرف انہیں کرکٹ کی تربیت دی بلکہ ہر مشکل مرحلے میں ان کا ساتھ بھی دیا۔ والد کی قربانیوں اور مسلسل محنت کا ذکر کرتے ہوئے سرفراز جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔