عسکری ٹاور حملہ کیس: یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت 28 نومبر کو ہوگی

عسکری ٹاور حملہ کیس: یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت 28 نومبر کو ہوگی

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو ضمانت کی درخواست پر دستیاب مواد کی بنیاد پر میرٹ پر فیصلہ کر دیا جائے گا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑی جلانے کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ طلب کیا اور واضح کیا کہ ریکارڈ پیش کرنے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو آخری موقع دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ضروری دستاویزات پیش کی جائیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر پراسیکیوشن کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو درخواست ضمانت پر میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ سماعت کے دوران عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواست کو انتظار میں رکھتے ہوئے ان کے وکیل رانا مدثر عمر سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑی جلانے کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جبکہ وہ عسکری ٹاور حملہ کیس میں بھی ضمانت کی خواہاں ہیں۔