لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی عسکری ٹاور حملہ سمیت دو مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ان کے وکیل رانا مدثر عمر دلائل دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ پیش نہیں کیا، جس پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا اور پراسیکیوشن کو ریکارڈ جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑی جلانے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی، جبکہ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت 28 نومبر کو ہوگی۔عدالت نے مقدمہ نمبر 108/23 میں ضمانت کی درخواست پر سماعت بھی 21 نومبر تک ملتوی کردی۔ عدالت کے مطابق آئندہ سماعت پر مقدمہ نمبر 108/24 میں ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔