رونالڈو کا 986واں گول، پنالٹی ضائع کرکے ناپسندیدہ ریکارڈ بنا لیا

رونالڈو کا 986واں گول، پنالٹی ضائع کرکے ناپسندیدہ ریکارڈ بنا لیا

سعودی پرو لیگ میں پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے لیے گزشتہ رات خوشی اور مایوسی کا امتزاج ثابت ہوئی۔

 ان کے شاندار گول کے باوجود النصر کو الاہلی کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ رونالڈو اپنے کیریئر کے 1000 گولز مکمل کرنے کے تاریخی سنگ میل کے مزید قریب پہنچ گئے۔41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے 14ویں منٹ میں گول کرکے النصر کو برتری دلائی۔ اس گول کے ساتھ ان کے کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 986 ہوگئی اور اب وہ 1000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے سے صرف 14 گول دور ہیں۔تاہم ابتدائی برتری کے باوجود رونالڈو کے لیے میچ کا اگلا لمحہ مایوس کن ثابت ہوا۔ گول کرنے کے صرف چار منٹ بعد انہیں پنالٹی کک کے ذریعے برتری دگنی کرنے کا موقع ملا، لیکن ان کا شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا اور النصر ایک اہم موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔اس پنالٹی کے ضائع ہونے کے ساتھ رونالڈو سعودی لیگ میں النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلسل دو لیگ میچز میں پنالٹی ضائع کرنے کے ناپسندیدہ ریکارڈ کا حصہ بن گئے۔دوسری جانب الاہلی نے خسارے میں جانے کے بعد مقابلے میں شاندار واپسی کی۔ ٹیم کی جانب سے گیلینو نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں برابر اسکور کے ساتھ وقفے میں گئیں۔

دوسرے ہاف میں الاہلی نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور ایوان ٹونی نے پنالٹی کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد راجر ایبانیز نے کارنر کک پر ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول اسکور کیا اور الاہلی کی فتح یقینی بنا دی۔النصر کی جانب سے میچ کا آغاز برتری کے ساتھ ہوا، تاہم ٹیم اس برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔ رونالڈو کے گول اور پنالٹی ضائع ہونے کے بعد مقابلے کا پانسہ پلٹ گیا اور الاہلی نے تین گول کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔اس شکست کے بعد سعودی پرو لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر النصر 28 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے، جبکہ الاہلی 24 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔النصر اب اپنا اگلا لیگ میچ 28 نومبر کو الحزم کے خلاف کھیلے گا، جہاں ٹیم شکست کے بعد دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔