سمندر میں تیل و گیس کی تلاش دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں

ترکیہ کا جدید سیسمک سروے جہاز اورک رئیس کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا
کراچی(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں تقریبا دو دہائیوں بعد سمندر میں تیل و گیس تلاش کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ترکیہ کا جدید سیسمک سروے جہاز اورک رئیس اس مقصدکیلئے کراچی پہنچ گیااور کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا۔پاکستان اور ترکی کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کا نیا باب کھلنے کو تیارہے ۔رپورٹ کے مطابق ترک کمپنی ٹی پی او سی نے پاکستان میں آف شور تیل و گیس کی تلاش کے لئے شراکت داری کرلی،آف شور بڈ راونڈ میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے 40 سمندری بلاکس پیش کئے گئے۔پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ آف شور بلاک میں ٹوڈی اور تھری ڈی  سیسمک سروے مکمل کرچکی ہے،پاکستان کے 3 لاکھ مربع کلومیٹر سمندری علاقے میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر کے امکانات ہیں،قیام پاکستان سے اب تک سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے صرف 18 کنویں کھودے جاسکے ہیں،پاکستان کے سمندری علاقے متحدہ عرب امارات، عمان اور ایران کی سمندری حدود سے متصل ہیں۔