ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز کراچی پہنچ گیا ‘ پاکستانی سمندری حدود میں 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کرے گا
دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی باہمی تعاون کی بنیاد ہے،پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے:نائب وزیراعظم کا تقریب سے خطاب
کراچی(آئی این پی )پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کردئیے ۔ اس سلسلے میں ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریبا 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے زیرِ سمندر تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی میں مدد دے گا۔ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد پر کراچی بندرگاہ میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترک وزیرتوانائی، وفاقی وزیرپیٹرولیم اور گورنر سندھ تقریب میں شریک ہوئے۔پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان شیئر ہولڈرز کا معاہدہ طے پاگیا، پشین بلوچستان میں اہم معدنیات اینٹیمونی کی ترقی کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ ماری منرلز اور ترکیہ کی ایم ٹی اے آئی سی کے درمیان مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پاگیا۔ چاغی بلوچستان میں تانبے، سونے اور دیگرمعدنی ذخائر کی تلاش وترقی ہوگی۔جیولوجیکل سروے پاکستان، ترکیہ کے ایم ٹی اے اور ایم ٹی اے آئی سی میں سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، تکنیکی تبادلے اور معدنی وسائل کی ترقی میں استعدادکار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگی۔تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، تاہم اب وقت ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کے لئے ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔