وزیراعظم کا ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ، پاکستان کے سمندر میںتیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں تعاون پر صدر اردوان کے شکرگزار ہیں:شہبازشریف

خیبر پختونخوا میں امن کیلئے   پرعزم ہیں فیلڈ مارشل
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے  تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں ‘ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات  ہیں:وزیراعظم 
 پولیس  بہادر اور صف اول کا دستہ ہے‘ دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر  ہے:سپہ سالار سید عاصم منیر کامیران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ  ، یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی
اسلام آباد‘پشاور(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں اور سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے یہ بات ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر اور ترک وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میں ترک تحقیقی بحری جہاز ’’اورچ رئیس‘‘ کی پاکستان آمد اور سندھ و مکران کے سمندری علاقوں میں تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرنے کے منصوبے پر روشنی ڈالی گئی۔عشائیے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ترکیہ کے تجربے و تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے اس اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وزیراعظم نے ترک تحقیقی بحری جہاز **اورچ رئیس (Oruc Reis)** کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ ترک وزیر توانائی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثناء چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے  پرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے، نیز علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور وطنِ عزیز کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پولیس کو ایک بہادر صفِ اول کا دستہ قرار دیا اور دہشت گردی اور فتن الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔