مسلسل ٹارچر کیا جاتا رہا، پوسٹ مارٹم رپورٹ پڑھ کر میں خود ہل گیا،جسم پر 20 زخموں کے نشانات ہیں پراسیکیوٹر واجد منیر کا عدالت میں کا انکشاف
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) پراسیکیوٹر واجد منیر نے انکشاف کیا کمسن ملازمہ 13 سالہ فاطمہ اصغر کو الیکٹرک آئرن سے جلایا گیا اور مسلسل ٹارچر کیاجاتارہا، پوسٹ مارٹم رپورٹ پڑھ کر میں خود ہل گیا،جسم پر 20 زخموں کے نشانات ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 13 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران گرفتار ملزمان افشاں اور قاری علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر واجد منیر نے عدالت کو بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمہ افشاں کے قبضے سے الیکٹرک آئرن جبکہ ملزم قاری علی سے ڈنڈا برآمد کر لیا گیا ہے، اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر فرانزک تجزیے کیلئے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔پراسیکیوٹر نے انکشاف کیا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ پڑھ کر وہ خود لرز گئے ہیں، کیونکہ مقتولہ بچی کے جسم پر تشدد اور زخموں کے 20 نشانات پائے گئے ہیں۔پراسیکیوٹر واجد منیر نے موقف اختیار کیا کہ بچی گزشتہ 3 سال سے اس گھر میں رہ رہی تھی، جسے الیکٹرک آئرن سے جلایا گیا اور مسلسل وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، تاہم اس کا علاج تک نہیں کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تشدد واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ قاری علی کا کردار جاننے کے لیے اس کا پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانا ضروری ہے۔پراسیکیوٹر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب قاری گھر آ کر بچی کو پڑھاتا تھا تو پھر اسے مدرسے کیوں بھیجا گیا؟۔دوسری جانب تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈی وی آر میں 7 دنوں کا ڈیٹا محفوظ تھا، جس میں واقعے کی ویڈیوز بھی ملی ہیں، تاہم گھر کے دیگر ملازمین کے بیانات ابھی قلمبند نہیں کیے جا سکے۔تفتیشی افسر کے مطابق مقتولہ بچی گھر کے بچوں کے ساتھ کھیلتی تھی اور ملزمہ کی والدہ کے کام کاج کرتی تھی، جبکہ ملزمہ کا شوہر اور مقتولہ بچی کے والد آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ آیا مقتولہ بچی کا نادرا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور کیا اس مقدمے میں ڈومیسٹک ورکر (گھریلو ملازمین )سے متعلقہ دفعات شامل نہیں کی جائیں گی؟عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ واقعے سے متعلق حاصل ہونے والی ویڈیوز آج ہی عدالت میں جمع کرائی جائیں۔ملزمان کے وکیلِ صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دگیے کہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر ہی پورے کیس کا فیصلہ سنایا جا رہا ہے۔وکیلِ صفائی کا کہنا تھا کہ جب تمام مبینہ آلات برآمد ہو چکے ہیں تو مزید جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟ یہ گھریلو تشدد کا کیس نہیں ہے بلکہ بچی کو فیملی ممبر کی طرح گھر میں رکھا گیا تھا۔