سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی، حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
اتحادی افواج برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میزائل حملے کا ہدف سعودی دارالحکومت ریاض تھا۔ترجمان کے مطابق سعودی دفاعی نظام نے میزائلوں کی نشاندہی کے بعد فوری کارروائی کی اور تینوں بیلسٹک میزائلوں کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ممکنہ نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔دوسری جانب سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں میزائل خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا۔ نجران ریجن، ریاض شہر اور السلیل گورنری میں ابتدائی وارننگ سسٹم کے ذریعے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا تاکہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔سعودی محکمہ شہری دفاع نے الرٹ جاری ہونے کے چند منٹ بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے خطرہ ختم ہونے کا اعلان کردیا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ہنگامی انتباہ کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور کھلی جگہوں، کھڑکیوں کے شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہیں۔
مزید اطلاعات کے مطابق ریاض میں ہنگامی الرٹ کے دوران دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس کے بعد شہری دفاع نے خطرہ ٹلنے کی اطلاع دی۔ یہ چند روز کے دوران سعودی دارالحکومت پر دوسرا میزائل حملہ ہے۔ اس سے قبل حوثی حملے کے نتیجے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ ادھر سعودی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے لیے کیے جانے والے دفاعی آپریشنز یا ان کے ملبے کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔ حساس سکیورٹی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے، جبکہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔